لاہور،09 مئی (اے پی پی): صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں یونائیٹڈنیشنز آفس فار پراجیکٹ سروسز کے وفد سے ملاقات کی۔اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری محمد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹریز ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، ڈاکٹر یونس اور ڈاکٹر عاصم الطاف، ڈی جی ڈرگز ڈاکٹر سہیل و دیگر افسران موجود تھے۔
یونائیٹڈنیشنز آفس فار پراجیکٹ سروسز کے وفد میں مسٹر پاسکل بجلیوارڈ، ہینری بونن اور ڈاکٹر مریم ملک شامل تھیں۔یونائیٹڈنیشنز آفس فار پراجیکٹ سروسز کے وفد نے حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کیلئے صحت کے منصوبوں کو سراہا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یونائیٹڈنیشنز آفس فار پراجیکٹ سروسز کی جانب سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سکریننگ کیلئے امداد کی پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے تمام تر توجہ مرکوز کئے ہوئی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بچوں کی سکریننگ بہت اہم ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یونائیٹڈنیشنز آفس فار پراجیکٹ سروسز کی جانب سے سکول سکریننگ کیلئے امداد پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفد کو سکول سکریننگ پروگرام کو یقینی بنانے کی یقینی دہانی کرواتے ہیں۔ سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں امراض چشم کیلئے بہترین طبی سہولیات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ڈفرنٹلی ایبلڈ بچوں کی بحالی کیلئے پراجیکٹ چلایا جا رہا ہے۔
سی ای او گلوبل الائینس فار اسسٹو ٹیکنالوجی مسٹر پاسکل بجلیوارڈ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اگلے تین سال کیلئے تعلیمی اداروں میں بچوں کی قوت بینائی و گویائی کی سکریننگ کیلئے پچاس لاکھ ڈالرز خرچ کریں گے۔ مسٹر پاسکل بجلیوارڈ نے کہا کہ دوران سکریننگ بچوں کو عینکیں اور ہیئرنگ ڈیوائسز بھی عطیہ کی جائیں گی۔