صوبائی وزیرصنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے آزاد جموں و کشمیرکے وزیر خوراک اکبر ابراہیم کی ملاقات

19

 

لاہور،20 مئی ( اے پی پی ): صوبائی وزیرصنعت وتجارت چوہدری شافع حسین سے آزاد جموں و کشمیرکے وزیر خوراک اکبر ابراہیم نے ملاقات کی۔

پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران با ہمی دلچسپی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آزاد کشمیر کے وزیر خوراک نے وزارت صنعت و تجارت کا منصب سنبھالنے پر چوہدری شافع حسین کو مبارک باد دی اور آزاد کشمیرکے ہائیڈل پاور پراجیکٹس بارے آگاہ کیا۔

چوہدری شافع حسین نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے بتایا اور کہا کہ صوبے میں نئی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔صنعت کاری کا عمل تیز کرنے کیلئے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے  6بڑے شہروں میں بزنس فسیلیٹیشن سنٹرز بنائے گئے ہیں۔ان بزنس فسیلیٹیشن سنٹرز سے نئے کارخانے لگانے کیلئے تیزی سے این او سی جاری ہو رہے ہیں،گجرات اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بزنس فسیلیٹیشن سنٹرز بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں خدمت کو موقع دیا ہے کسی صورت مایوس نہیں کریں گے۔عوام سے کیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کے سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ مربوط پلان کے تحت شہروں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔