لاہور، 30 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے وائس قونصل جنرل گھانا عمر شاہد بٹ نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تجارتی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور گھانا کے مابین تجارتی حجم بڑھانے کیلئے باہمی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، پنجاب اور پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے صنعتی مراکز میں سرمایہ کاروں کو بہترین مراعات دی گئی ہیں۔ گھانا کے سرمایہ کار پنجاب کے صنعتی مراکز میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 2 ہزار ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی بھی بنایا جارہا ہے ۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلوں سے باہمی تجارت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ دونوں جانب کے ایوان ہائے صنعت و تجارت میں روابط بڑھانا بھی ضروری ہے۔ گھانا کے ساتھ تجارت بڑھانے کی گنجائش موجود ہے،اس مقصد کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔عمر شاہد بٹ نے کہا کہ گھانا میں پاکستانی ٹیکسٹائل کی برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں، پنجاب اور گھانا مائننگ اور فارمنگ سیکٹر میں تعاون کرسکتے ہیں۔ سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن بھی ملاقات میں موجود تھے۔