بشام واقعہ پاک چین دوستی پر حملہ تھا، ملوث عناصر کو ہر صورت عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے؛وزیرداخلہ محسن نقوی

5

اسلام آباد،09مئی(اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بشام واقعہ پاک چین دوستی پر حملہ تھا، ملوث عناصر کو ہر صورت عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے جمعرات کویہاں وزارتِ داخلہ میں وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان کے دورہ چین کی تیاریوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی جبکہ پاکستان بھر میں چینی شہریوں کی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بشام واقعہ پر ہونے والی پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی ۔چین کے سفیر نے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے پر محسن نقوی کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان بھر  میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے نئے ایس او پیز بنانے ہیں، ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور اور کراچی میں چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا اور قونصل جنرلز سے ملاقات کی، چینی قونصل جنرلز نے  چینی شہریوں کی سکیورٹی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 محسن نقوی نے کہا کہ پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی  کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہے اور دشمن ان مضبوط تعلقات میں دارڑ نہیں ڈال سکتا

وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا ،چین کے سفارت خانے کے اعلی حکام اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔