کوئٹہ، 21 مئی (اے پی پی):وائس چانسلر بیو ٹمز یونیورسٹی ڈاکٹر خالد حفیظ نے کہا ہے کہ صوبے میں علم کے فروغ اور تعلیم کے ساتھ تحقیق کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے جامعات کو مطلوبہ فنڈز کی فراہمی ناگزیر ہے ،ادارے میں قومی لیول کے فیسٹیول کے انعقادپر یونیورسٹی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے،اس طرح کے فیسٹیول کے انعقاد سے بلوچستان میں ادب کو فروغ ملے گا۔
منگل کو بیوٹمز یونیورسٹی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد حفیظ نے کہا کہ جرمنی کے تعاون سے ماحولیات کی بہتری اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ماہرین منصوبہ تیار کررہے ہیں ، یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا،انہوں نے کہا کہ بیوٹمز میں 160 پی ایچ ڈیز خدمات سرانجام دے رہے ہیں مزید 160 پی ایچ ڈیز جلد حصہ بنیں گے۔انہوں نے کہاکہ تمام یونیورسٹیز کو مالی بحران کا سامنا ہے ،جامعات کیلئے الگ بجٹ رکھا جائے ،مالی بحران کے باعث اساتذہ احتجاج کررہے ہیں ، پانچ سال سے بجٹ میں جامعات کیلئے رکھے گئے حصے میں اضافہ نہیں کیا گیا۔وائس چانسلر بیوٹمز نے مزید کہا کہ فلسطین کی صورتحال کی پیش نظر فیسٹیول میں میوزک شو کو حصہ نہیں بنایا گیا۔