لاہور:صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا میئو ہسپتال کے آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ کا دورہ

20

 

لاہور۔ 20 مئی ( اے پی پی ): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میئو ہسپتال کے آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس موقع پر سی ای او پروفیسر احسن نعمان، سی او او پروفیسر فیصل مسعود، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پروفیسر عباس کھوکھر و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ میں ریڈی ایشن مشین، کیمو تھراپی سنٹر و دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کینسر کے مریضوں سے ملاقات کی اور انتظامیہ کو مزید بہتری کی ہدایت کی۔

پروفیسر عباس کھوکھر نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو کینسر کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میئو ہسپتال کے آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ میں ریڈی ایشن کے دوبارہ آغاز پر انتظامیہ کو مبارکباد اور شاباش دیتا ہوں۔ ریڈی ایشن کی سہولت بحال ہونے پر کینسر کے ہزاروں مریضوں کو سہولت حاصل ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ مریضوں نے آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ میں سہولیات بارے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔