مارکیٹوں میں جان بچانی والی ادویات کی بلاتعطل دستیابی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، ذخیرہ اندوز مافیا کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی جائیں گی: خواجہ عمران نذیر

23

لاہور، 17 مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر  خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت 280 واں صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ (PQCB) کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں میڈیسن کمپنیوں کے زیر التوا 117 کیسز کا جائزہ لیا گیا اور ٹیٹنس سمیت دیگر جان بچانی والی ادویات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں کو بھی طلب کیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹیٹنس ویکسین، جان بچانے والی ادویات کی قلت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

 صوبائی وزیر صحت نے کمپنیوں سے ڈسٹری بیوٹرز کو سپلائی کی جانیوالی ادویات کا مکمل ریکارڈ مانگ لیا.انھوں نے کہا کہ تین دن کے اندر کمپنیاں ادویات کا ریکارڈ، ڈسٹری بیوٹرز کا ڈیٹا فراہم کریں تاکہ ذمہ داری کا تعین ہو سکے۔ اگر ڈسٹری بیوٹر ٹیٹنس سمیت کسی دوا کی قلت، ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہوا تو سخت کارروائی کریں گے۔

 خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہسپتالوں، مارکیٹوں میں جان بچانی والی ادویات  کی بلاتعطل دستیابی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، ذخیرہ اندوزی، قلت پیدا کرنے والا مافیا کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی جائیں گی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ڈرگز کنٹرول محمد سہیل، چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر جمال سلیمی اور سیکرٹری پی کیو سی بی ڈاکٹر منور حیات سمیت بورڈ کے ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔