مارگلہ پہاڑیوں پر آگ  بجھانے والے عملے کی تاریخ میں پہلی بار حوصلہ افزائی،اعزازیہ کااعلان

22

اسلام آباد،21 مئی(اے پی پی):مارگلہ پہاڑیوں پر آگ  بجھانے والے عملے کی تاریخ میں پہلی بار حوصلہ افزائی،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے عملے کو اپنے دفتر بلایا اور  خصوصی مہمان بنایا۔ کمشنر محمد علی رندھاوا  مارگلہ پہاڑیوں پر آگ بجھانے والے عملے کی نشستوں پر گئے ، مصافحہ کیا اور شاباش دی۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنرنے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لینے والے عملے کے لئے اعزازیہ  کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر عملے کو حوصلہ افزائی کے لئے بلایا ہے اور وفاقی وزیرداخلہ کی ہدایت پر آگ بجھانے والے عملے کو اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آتشزدگی کے دوران پہاڑیوں تک رسائی آسان بنانے کے لئے عملے کو جدید آلات  دیئے جائیں گے اور عملے کی آمدورفت کیلئے  گاڑیاں بھی لی جائیں گی۔

محمد علی رندھاوا نے آگ  بجھانے والے عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے 2 بار مارگلہ  پہاڑیوں پر آگ پر بروقت قابو پا کر بڑے نقصان سے بچایا۔انہوں نے کہا کہ شدید گرم موسم میں مارگلہ پہاڑیوں پر آتشزدگی کا خدشہ ہے،آپ پہلے کی طرح اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔انہوں نے مزید  کہا کہ آپ کے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن، ممبر ماحولیات سی ڈی اے بھی اس موقع پر موجود تھے۔