مری؛ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سرکنے والی 35 ٹن وزنی چٹان کو توڑ دیا گیا،آبادی محفوظ

15

مری،02 مئی(اے پی پی ): تین دنوں تک مسلسل جاری رہنے والی طوفانی بارشوں کے باعث ملکہ کوہسار مری کے کئی علاقوں میں خطرناک لینڈسلائیڈنگ ہوئی ہے جس سے کافی نقصان بھی ہوا ہے تاہم انتظامیہ کے بروقت اقدامات سے کئی علاقوں میں ہونیوالی لینڈ سلائیڈنگ سے درپیش خطرات سے عوام کو بچا لیا گیا ہے۔

سرینگر روڈ علیوٹ نکرہ کے مقام پر بھاری چٹان سرک رہی تھی جس کا آبادی کی طرف  جانے کا خطرہ تھا۔35 ٹن سے زائد وزنی چٹان کو بلاسٹنگ کے ذریعے توڑ دیا گیا ہے, جس دوران کسی قسم کا جانی مالی نقصان نہیں ہوا اور نشیبی آبادی کے خطرات بھی ختم ہوگئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر مری کی نگرانی میں جاری ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122 مری،پاک آرمی کے جوانوں، محکمہ ہائی وے مشینری اور دیگر اداروں نے حصہ لیا۔