ملتان ،20 مئی (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان کی محنت رنگ لے آئی۔ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر میں زیر علاج افراد کے تربیتی کورسز آخری مراحل میں داخل ہوگئے جبکہ سنٹر کے دورہ کے موقع پر زیر علاج و تربیت افراد نےکورس کے دوران سلائی شدہ قمیضیں دکھائیں جہاں پر کمشنر مریم خان نے سراہتے ہوئے کہا کہ تربیتی کورس کی تکمیل پر ان تمام افراد کو سرٹیفکیٹ کیساتھ ملازمتوں کے مواقع بھی دئیے جائیں گے۔
انہوں نے کرتا سلائی کرنے والے کاریگروں سمیت دیگر تمام افراد کو منشیات کیخلاف جدوجہد جاری رکھنے کی ہدایت کی جبکہ ڈرگ ری ہیبلیٹیشن انتظامیہ، متعلقہ افراد کی کاوشوں کو سراہا۔ سی پی او ملتان صادق ڈوگر نے کہا کہ منشیات سے کئی گھر انے اجڑگئے، نوجوانوں کے مستقبل تباہ ہوئے۔
ڈویژنل انتظامیہ و پولیس مل کر منشیات کی روک تھام و منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے کام کررہی ہے۔ زیر علاج افراد نے کہا کہ
مزید محنت کرکے حلال روزی کمائیں گے۔ نشہ ایک لعنت ہے اور اس سے دور رہنے میں بھلائی ہے۔کپڑوں کی سلائی، الیکٹریشن کا کام سیکھ لینے سے روزگار کما سکیں گے۔
قبل ازیں کمشنر مریم خان، سی پی او صادق ڈوگر نے شعور ترقیاتی آرگنائزیشن کے تعاون سے پودے لگائے۔ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سنٹر میں زیر علاج افراد نے بھی پودے لگا کر ملکی ترقی کیلئے دعائیں مانگیں ۔
شاہد انصاری نے بتایا کہ شعور ترقیاتی آرگنائزیشن کی جانب سے 1000 درخت شہر میں لگائے جارہے ہیں جن میں 250 تیار درخت سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں لگائے جارہے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ارم سلیمی ، مینجر ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سنٹر سمیر ستار ،سابق وائس چانسلر زکریا یونیورسٹی طارق انصاری، شاہد انصاری، سماجی شخصیت زہرا سجاد زیدی و دیگر افراد بھی موجود تھے۔