ملتان، 08 مئی (اے پی پی ): بلڈ ڈونیشن سوسائٹی نشتر میڈیکل یونیورسٹی اور ریجنل بلڈ سنٹر ملتان کے زیر اہتمام خون کے عطیات جمع کرنے کے لیے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد لوگوں کو رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دینے کی ترغیب دینا تھا تا کہ تھیلیسیمیا اور ایمرجنسی صورتحال میں مریضوں کے لیے خون کی ضرورت کو پورا کیا جاسکے۔
کیمپ کا افتتاح وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے کیا۔ ڈاکٹر غلام مجتبیٰ ناصر اور دیگر منتظمین نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل کا استقبال کیا۔ رجسٹرار نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس اور بلڈ ڈونیشن سوسائٹی کے عہداران بھی اس موقع پر وہاں موجود تھے۔
خون کے عطیات جمع کرنے کے حوالے سے قائم کردہ اس کیمپ میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹرز اور طلباء وطالبات نے بڑے جوش و خروش سے شرکت کی اور خون کے عطیات دیئے۔
پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عطیہ کئے گئے خون سے کسی بھی ضرورت مند مریض کی جان بچائی جا سکتی ہے اور ہم سب کو اس مہم میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے اس موقع پر تمام منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ریگولر بنیادوں پر ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔
نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں تھیلیسیمیا کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی جبکہ پروفیسر مہناز خاکوانی نے تھیلیسیمیا کی سکریننگ کے حوالے سے آگاہی لیکچر دیا۔