ملتان،27مئی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے طلباءو شہریوں کو ہیٹ ویو سے بچانے کیلئے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں شیڈز اور بس سٹاپس پر سایہ دار انتظار گاہیں بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریفک منیجمنٹ اور اینٹی روڈ ایکسڈنٹس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ ٹریفک حادثات سے بچاؤ کیلئے ہر سڑک پر لائٹس اور روڈ فرنیچر فوری مکمل کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں قائم غیر قانونی بس و ویگن اڈے مکمل طور پر شفٹ کئے جائیں گے جبکہ تمام ایس او پیز مکمل ہونے پر نئے بس و ویگن اڈوں کی اجازت دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر رضوان قدیر کا کہنا تھا کہ مختلف مقامات پر روڈ کٹ بند کرکے ٹریفک بہاؤ کو متوازی کیا گیا ہے جبکہ چونگی نمبر 9 پر سلپ وے اور ڈائیورشن کے ذریعے ٹریفک لوڈ بہتر کیا جائے گا۔
قبل ازیں اجلاس میں مختلف نئے بس اڈوں اور کمرشل گاڑیوں کے روٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق سمیت ضلعی انتظامیہ افسران نے شرکت کی۔