ملتان ؛ کمشنر کی زیرصدارت اجلاس، عید الضحی پر مویشی منڈیوں اور صفائی متعلق احکامات جاری

18

ملتان، 23 مئی (اے پی پی ): کمشنر مریم خان نے ڈویژن بھر میں مویشی سیل پوائنٹس قائم کرنے بارے انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں، عید قربان پر مویشی سیل پوائنٹس عید سے 10 دن پہلے فعال کردیے جائیں گے۔

کمشنر مریم خان کی زیرصدارت جمعرات کو یہاں عید الضحی پر مویشی منڈیوں اور صفائی متعلق انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر نے کہا کہ تمام تحصیلوں میں ایک ایک مویشی سیل پوائنٹس قائم کیا جائے گا اور تمام عارضی سیل پوائنٹس شہری حدود سے باہر قائم کئے جائیں گے ۔

مریم خان نے کہا  کہ شہری علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت پر سخت پابندی عائد ہوگی اور محکمہ صحت،میونسپل کارپوریشن سمیت متعلقہ ادارے مویشی منڈیوں میں کیمپ لگائیں گے۔انہوں نے عید الاضحی پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو بھرپور استعداد کار سے کام کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کی شکایت کے فوری ازالے کیلئے ریسپانس ٹائم کم کیا جائے اور عیدالالضحیٰ بارے قابل عمل پلان مرتب کیا جائے، جانوروں کی الائشوں کو ٹھکانے لگانے،شہر کی فوری صفائی کا پلان بنایا جائے۔