ملتان آرٹس کونسل میں مقابلہ موسیقی کی تقریب

5

ملتان،08 مئی(اے پی پی):نوجوانوں کا فنون لطیفہ میں دلچسپی لینا خوش آئند امر ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس ڈاکٹر سید بلال حیدر کا کہنا ہے کہ فن اور فنکار کی سرپرستی ہماری ذمہ داری ہے۔ وہ ملتان آرٹس کونسل کی جانب سے منعقدہ مقابلہ موسیقی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے مقابلہ موسیقی کے صوبائی پوزیشن ہولڈرز کو ملک بھر کے تمام صوبائی دارالحکومتوں میں پرفارم کرایا جائے گا۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت کی جانب سے مقابلہ مصوری، تھیٹر اور موسیقی کےضلعی پوزیشن ہولڈرز کو 25 لاکھ تک کا قرض حسنہ بھی دیا جائے گا۔

ڈاکٹر سید بلال حیدر نے کہا کہ موسیقی اور فنون لطیفہ کی دیگر اصناف کے مقابلہ جات معاشرے سے منفی رویوں کے خاتمہ اور رواداری کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلہ جات کا انعقاد نوجوانوں میں اعتماد سازی اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہی نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور امید ہے کہ وہ معاشرے کی بہتری میں اپنا بھرپور کرداراداکریں گے۔ ڈاکٹر بلال حیدر کا کہنا تھا کہ ہمیشہ باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی ہے تاکہ وہ اپنے فن کے ذریعے باعزت روزگار بنا سکیں۔

ملتان کے ضلعی سطح کے مقابلہ میں قمر عباس نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ حسن عباس دوسرے اور محمد انور تیسرے نمبر پر رہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔