نارووال ؛ ڈپٹی کمشنر نے “کلینک ان وھیلز” کا افتتاح کردیا

26

نارووال،13 مئی (اے پی پی): پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح نارووال میں بھی صحت کی دستک آپ کی دہلیز پر “کلینک ان وھیلز” کا افتتاح کردیاگیا،جس کا باقاعدہ طور پر افتتاح  ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے  کیا۔

 سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرنویدحیدرنے ڈپٹی کمشنرنارووال کوبریفنگ دیتے ہوئےبتایاکہ محکمہ صحت حکومت پنجاب کی طرف سےضلع نارووال کو تین  کلینک ان وھیلز گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر حسن رضا نے  کہا  کہ  وزیر اعلی  پنجاب  مریم نواز کی ہدایات کے مطابق نارووال شہر کے مضافاتی علاقوں میں محکمہ صحت کی ٹیمیں کیمپ لگائیں گی،جس میں حاملہ خواتین کا مکمل چیک اپ، الٹرا ساؤنڈ،ویکسینیشن اور ان کے بنیادی ضروری ٹیسٹ بالکل فری کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی نشوونما کا چیک اپ بھی فری ہوگا۔ لوگوں کی عام بیماریوں کا چیک اپ اور مفت ادویات دی جائیں گی۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ نارووال کے مضافاتی علاقوں میں مختلف جگہوں پر کیمپ لگائیں گی جہاں کی عوام اس کیمپ میں جا کر اپنا چیک اپ کروائے گی اور مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔

سی ای او محکمہ صحت ڈاکٹر سید نوید حیدر، فوکل پرسن ڈسٹرکٹ کوارڈی نیٹربرائے نیشنل پروگرام ڈاکٹر محمد زاہد رندھاوا،مانیٹرنگ آفیسر ممتاز احمد بٹ، سوشل ورکر محمد آصف , بابا نور محمد ودیگراس موقع پر موجود تھے۔