نو مئی کے افسوس ناک اور دلخراش واقعہ کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے؛ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان

4

گلگت،08مئی(اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے 9 مئی کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ 9 مئی کے سیاہ ترین دن کا آج ایک سال مکمل ہوگیا، کچھ شرپسندوں نے سیاست کی آڑ میں نفرت و انتشار کی بنیاد ڈالتے ہوئے ملکی اداروں،دفاعی تنصیبات اور یادگار شہداء پر حملے کئے، اس افسوس ناک اور دلخراش واقعہ کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کرنے کا ہر انسان کو حق ہے اور جمہوری انداز میں پسند نا پسند اور ووٹ دینے کا بھی ہر شہری کو حق حاصل ہے لیکن سیاست کی آڑ میں ملکی اداروں کو نقصان پہنچانا، زمین پر فساد پھیلانا اور انتشار کی پرچار کرنا کسی طور جائز نہیں ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ میں بحیثیت وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان گزشتہ سال 9 مئی کے دلخراش واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتا ہوں،اس دن فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، سیاست کے نام پر توڑ پھوڑ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی قوم اور نوجوان نسل سے یہی امید بھی رکھتا ہوں کہ وہ ہائبرڈ وار فیئرکا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے ملکی اداروں پر یقین رکھیں گے، مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں گے جبکہ سیاست کی آڑ میں شرپسندی،تفریق اور انتشار سے خود کومحفوظ رکھیں گے۔