کوئٹہ، 20 مئی (اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ایرانی قونصلیٹ آمد، وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈپٹی قونصل جنرل آغا سید مہدی شائقی سے ایرانی صدر اور انکے رفقاکے حادثے میں انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
صوبائی وزرا حاجی علی مدد جتک ،سردار زادہ فیصل جمالی،میر ظہور بلیدی ،سلیم احمد کھوسہ ،میر شعیب نوشیروانی ،و دیگر بھی وزیراعلی کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ پر دلی رنج ہوا،مشکل اور دکھ کی اس گھڑی میں ہر پاکستان ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے،مرحوم صدر ابراہیم رئیسی نے پاک ایران تعلقات کو وسعت دینے کے لئے اہم کردار ادا کیا ۔
وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایران برادر اسلامی ملک ہے جس کے ساتھ ہمیشہ بہتر تعلقات کے خواہاں رہے ہیں ہمیں یقین ہے کہ اس بڑے سانحہ کے بعد بھی مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کے دوطرفہ برادر ملک کا مشن جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایرانی صدر نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران دوطرفہ تعلقات کی بہتری کے لئے جو پیش رفت کی وہ یاد رکھی جائے گی۔
ایرانی ڈپٹی قونصل جنرل نے قونصلیٹ آمد پر وزیراعلی بلوچستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام پاکستانی قوم کی محبتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔