چنیوٹ،20 مئی (اے پی پی ): وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور انکی ٹیم ملکی ترقی کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے،عام آدمی کے مسائل حل کر رہی ہے اور مہنگائی کی شرح مسلسل کم ہو رہی ہے ، جس کا عام آدمی کو فائدہ مل رہا ہے، بہت جلد ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا۔
ان خیالات کا اظہارا نہوں نے پیر کو یہاں چنیوٹ آمد پر اپنے ڈیرے پر منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب میں کیا۔ کھلی کچہری میں وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے لوگوں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی فوری احکامات بھی جاری کئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کافی عرصہ سے جب بھی چنیوٹ آتے ہیں تو عوام کے فوری مسائل کے حل کے لیے اپنے ڈیرے پر کھلی کچہری لگاتے ہیں اور اس سے عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں ، عوام کے مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتا ہوں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
حلقہ کے عوام نے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی جانب سے کھلی کچہری کے انعقاد کو اچھا اقدام قرار دیا۔