وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ایرانی قونصلیٹ جنرل پشاور آمد

36

پشاور،23 مئی(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے  ایرانی قونصلیٹ جنرل پشاور کا دورہ کیا اور ایرانی ڈپٹی قونصل جنرل حسین مالیکی سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ کے ہمراہ اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی اور دیگر بھی موجود تھے۔

 وزیر اعلیٰ نے ایرانی ڈپٹی قونصل جنرل سے گزشتہ روز ایران میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فضائی حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی شہادت پر تعزیت اور فاتحہ خوانی اور ان کی معفرت کے لئے دعا کی۔

وزیر اعلیٰ نے صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام کی طرف سے سوگوار خاندانوں اور ایرانی عوام کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس المناک حادثے میں ایرانی صدر اور ان کے رفقاء کی شہادت پر دلی رنج کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا  سردار امین نے اس موقع پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت اور  عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں، خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک کے عوام اس افسوسناک حادثے پر سوگوار اور غمزدہ ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے نئے ایرانی صدر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ تعزیت اور اظہار ہمدردی کے لئے تشریف لانے پر حسین مالیکی نے وزیر اعلیٰ اور ان کے رفقاء کا شکریہ ادا کیا۔