وفاقی محتسب کے ازخود نوٹس کے تحت علاقائی محتسب کا فیصل آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا دورہ

7

 

فیصل آبا د، 06 مئی (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کے ازخود نوٹس کے تحت علاقائی محتسب فیصل آباد نے انسپکشن ٹیم کے ہمراہ پیر کو  فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔

وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے فیصل آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر ون ونڈو فسیلیٹیشن ڈیسک پر مسافروں کی جانب سے بد انتظامی و دیگر شکایات ملنے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے علاقائی محتسب آفس کے ایڈاوئزروانچارج شاہد حسین جیلانی کو فیصل آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی انسپکشن کی ہدایات جاری کیں جس پر عمل کرتے ہوئے  شاہد حسین جیلانی نے اسسٹنٹ رجسٹرار یاسر شبیر ملک اور اپنی ٹیم کے ہمراہ ایئر پورٹ کا دورہ کیا۔

شاہد حسین جیلانی نے اس موقع پر اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کے ازخود نوٹس کے تحت مسافروں کی جانب سے ایئرپورٹ کے کچھ امور کی سر انجام دہی میں بد انتظامی کی شکایات تھیں لہذا ان شکایات کے ازالے اور ایئر پورٹ پر مسافروں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے اور انکی بہتری کیلئے یہ دورہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ زیادہ تر معاملات بہتر انداز سے چل رہے ہیں تاہم نادرا کے حوالے سے ایف آر سی کا نہ ہونا،حج پروازوں کا آپریشنل نہ ہونا اور دیگر چند امور میں مسائل ہیں جن کے حل کیلئے ا یئرپورٹ انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ  مذکورہ مسائل کے حل کیلئے وفاقی محتسب کو بھی سفارشات بھیجی جائیں گی اور وہ بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔

 ائیرپورٹ دورے کے دوران چیف آپریٹنگ آفیسرو ائیرپورٹ منیجر مس تسنیم اختر نے ون ونڈو فسیلیٹیشن ڈیسک،پولیو کا ؤ نٹر،نادرا کا ؤ نٹر،اے این ایف جوائنٹ سرچ کا ؤنٹر،امیگریشن ڈیسک،اوور سیز پاکستانی کا ؤ نٹر،معلومات کا ؤنٹر،شکایات بکس،ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازوں کے شیڈول اور دیگر تمام معاملات بارے بریفنگ دی۔

علاقائی محتسب نے میڈیا کے ہمراہ ایئر پورٹ کے تمام شعبوں کا معائنہ کیا اور ہر ڈیسک اور کا ؤنٹر پر موجود عملہ سے انکے فرائض اور مسافروں سے متعلقہ سہولیات بارے تفصیل سے دریافت کیا۔انہوں نے مسافروں کے سامان اور اسکی سکیننگ کے معاملات بارے بھی بتایا۔ایڈوائزر انچارج علاقائی محتسب نے ائیر پورٹ پر موجود مسافروں سے ائیرپورٹ پر دستیاب سہولیات بارے بھی دریافت کیا۔

ایک سوال کے جواب میں ایئرپورٹ منیجر نے بتایا کہ فیصل آباد سے حج پروازیں گزشتہ دو سال سے نہیں جا ر ہی ہیں جس پر ایڈوائزر انچارج نے حیرانگی کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں  تسنیم اختر نے بتایا کہ یہاں نادرا کے کا ؤنٹر پر ایف آر سی کی سہولت نہیں ہے جس سے بعض او قات مسافروں کی شناخت میں مسائل درپیش آتے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی ا ے صارم گیلانی نے مسافروں اور ائیر پورٹ سے متعلق اپنے فرائض کے بارے میں علاقائی محتسب کو آگاہ کیا۔ایڈوائزرو انچارج شاہد حسین جیلانی نے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے آفیسر محمد علی سے ممنوعہ اشیا کے بارے سوال کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ ممنوع اشیا کی لسٹ مقرر کردہ مقام پر آویزاں ہے تاہم مسافروں کے اس بارے مزید دریافت کرنے اور معلومات لینے پر اس بارے تمام مطلوبہ معلومات فراہم کر دی جاتی ہیں۔