وزیر اعلی پنجاب سے اسسٹنٹ کمشنرز کی ملاقات، میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

2

 

لاہور،6مئی(اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز  نے کہا ہے کہ افسران میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لائیں، مصنوعی مہنگائی کو پرائس کنٹرول میکنزم کے ذریعے کم کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بھر میں تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنروں نے ملاقات کے دوران کیا۔  انہوں نے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کا ایجنڈا ہر صورت پورا کیا جائے،  کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی ہے۔ عوام کی خدمت افسروں کی ذمہ داری ہی نہیں   فرض اولین ہے،   ینگ افسران کو اپنی پرفارمنس سے خود کو ثابت کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی عزت کی جائے، غلط بات میرے سمیت کسی کی نہ مانیں،  حکومت کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے لیکن انسانی وقار کو بھی برقرار رکھا جائے۔

 وزیراعلی پنجاب مریم نواز  نے کہا کہ ایجوکیشن، ہیلتھ،پرائس کنٹرول سمیت تمام امور پر پوری توجہ دی جائے۔ اسسٹنٹ کمشنرمتعلقہ علاقوں میں 16روپے کی روٹی اور 20روپے نان کی فروخت کویقینی بنائیں۔ مصنوعی مہنگائی کو پرائس کنٹرول میکانزم کے ذریعے کم کیا جائے۔پراوینشنل انفورسمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کی مختلف ٹاسک میں معاونت کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کے کسی علاقے میں ٹوٹی گلیاں،کھڑا پانی اور ابتر صفائی نہیں دیکھنا چاہتی۔ ہسپتالوں میں علاج کی سہولتوں کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے۔عوام کے لئے دروازے کھلے رکھیں اور ان کی بات سنیں۔ انہوں نے کہا کہ  اسسٹنٹ کمشنرز میری آنکھیں، کان اور بازو کے مترداف ہیں۔

سینیٹر پرویز رشید،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر حکام موجود تھے۔