ٹنڈومحمدخان؛ حضرت عبدالکریم شاہ بلڑی والے کے 413 ویں تین روزہ عرس کے انتظامات مکمل

5

 

ٹنڈومحمدخان،06 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر   دھرمو باوانی نے کہا ہے  کہ سندھ کے معروف بزرگ و اولیاء حضرت عبدالکریم شاہ بلڑی والے کے 413 ویں تین روزہ  عرس کے موقع پر ضلعی   انتظامیہ کی جانب سے آنے والے زائرین کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی، کسی بھی ممکنہ صورتحال سے  نمٹنے  کے لیے سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

 یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ہال ٹنڈومحمدخان میں مختلف محکموں کے افسران و درگاہ کے سجادہ نشین کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔ ڈپٹی کمشنر دھرمو باوانی کا کہنا تھا کہ سندھ کے معروف بزرگ و اولیاء حضرت عبدالکریم شاہ بلڑی والے کے 13 مئی سے 15 مئی تک تین روزہ عرس کے موقع پر ڈسٹرکٹ حکومت کی جانب سے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی، عرس کے موقع پر آنے والے زائرین کو پینے کے ٹھنڈے پانی، سیکیورٹی کے انتظامات سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو سو فیصد ممکن بنایا جائے گا۔انہوں نے عرس کے انتظامات سمیت سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر تحصیل بلڑی شاہ کریم کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی، کمیٹی آج ہی درگاہ کا دورہ کرکے اپنی رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو پیش کرے گی۔

 ڈپٹی کمشنر نے بلڑی شاہ کریم کے تحصیل میونسپل آفیسر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عرس کے موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، تمام  اسٹریٹ لائٹس کو قابل استعمال بنایا جائے جبکہ پانی کہ خاص انتظامات کیئے جائیں۔

 اجلاس میں ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان سید امداد علی شاہ نے کہا کہ عرس مبارک کے موقع پر درگاہ پر سیکیورٹی کے انتظامات فل پروف بنانے کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی، درگاہ کے اندر داخل ہونے والے زائرین کی چیکنگ کے لیے واک تھرو گیٹ اور نئے سیکیورٹی کے مزید بہتر انتظامات کے لیے درگاہ کے اندر اور باہر سی سی ٹی کیمرے نصب کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بلڑی شاہ کریم عزیز اللہ سومرو، درگاہ کے سجادہ نشین سید اویس رضا کاظمی، مینیجر اوقاف سلیم اللہ چنہ، تحصیل میونسپل آفیسر ذوالفقار مارفانی سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔