اسلام آباد،8 مئی (اے پی پی): اکادمی ادبیات پاکستان کی جانب سے ملک کے سب سے بڑے ادبی ایوارڈ ’’کمالِ فن ایوارڈ 2022‘‘ کا اعلان بدھ کو کیا گیا۔ کمالِ فن ایوارڈ اور قومی ادبی ایوارڈز ادب کے لیے ملک کے اہم ترین ایوارڈز شمار کیے جاتے ہیں۔
اس کا اعلان ڈاکٹر نجیبہ عارف صدر نشین ، اکادمی ادبیات پاکستان نے ایوارڈ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کیا ۔ معتبر اور مستند اہل دانش پر مشتمل منصفین کے پینل نے کیا جس میں جناب منیر احمد بادینی، ڈاکٹر معین الدین عقیل، ڈاکٹر سلمیٰ شاہین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر،محترمہ ثروت محی الدین، جناب رفعت عباس، جناب یوسف حسین آبادی،مبین مرزا، ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی، ڈاکٹر روبینہ شاہین، ڈاکٹر امجد طفیل، بشریٰ فرخ، حارث خلیق، فرخ یار خان اور اختر درگاہی شامل تھے۔نجیبہ عارف نے کہا اکادمی ادبیات اپنے مقاصد میں کامیاب ہوا ۔اکادمی ادبیات نے پاکستانی زبانوں کے ادب کے فروغ میں بہترین کردار ادا کیا ۔کمالِ فن ایوارڈ بہت اہمیت کا حامل ہے ۔
منیر احمد نے اجلاس کی صدارت کی اور حسن منظرکو 2022 کا ایوارڈ دیا گیا جو کہ اردو کے بہت معروف ادیب ہیں ۔ان کو دس لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔
‘کمالِ فن ایوارڈ‘‘ کسی بھی لکھاری کی زندگی بھر کی ادبی خدمات پر پیش کیا جاتا ہے۔ کمال فن ایوارڈ کے ساتھ مبلغ 1,000,000/-(دس لاکھ )روپے کی رقم بھی ییش کی جاتی ہے۔ ایوارڈز کا اعلان پاکستان کے معتبرو مستند اہلِ دانش پر مشتمل منصفین کے فیصلے کے بعد کیا جاتا ہے۔