پاکپتن، 28 مئی (اے پی پی):ملک بھر کی طرح ضلع پاکپتن میں بھی یوم تکبیر ملی جوش و جذبے کے تحت منایا گیا۔اس دن کی مناسبت سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینیو احمد فراز کی قیادت میں یوم تکبیر واک کا اہتمام کیا گیا۔واک ڈی سی آفس سے شروع ہو کر بختیار کاکی چوک پر جا کر اختتام پذیر ہوئی۔واک کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان کے مضبوط دفاع کے حوالے سے تحریریں درج تھیں۔اس موقع پر واک کے شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 28مئی یوم تکبیر قومی سلامتی اور وقار کی سربلندی کا وہ سنہرا دن ہے جس دن پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بن کر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔یہ وہ دن ہے جس دن پاکستان ناقابل تسخیر ہوگیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم افواج پاکستان اور ان تمام شخصیات کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے 28مئی کو ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔یوم تکبیر واک میں ضلعی افسران،سماجی سیاسی شخصیات سمیت سول سوسائٹی اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔