پشاور؛ گورنر ہاؤس اتوار کو بھی عوام کیلئے کھلا رہا،مختلف وفود کی گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقاتیں

4

پشاور، 6 مئی(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بطور گورنر اپنے عہدہ کی باقاعدہ ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد اتوار کو چھٹی کے روز بھی گورنر ہاؤس میں موجود رہے اور گورنر ہاؤس کو ہر خاص و عام کیلئے کھلا رکھا۔

اس موقع پر خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع سمیت ملک کے دیگر حصوں سے عام عوام سمیت اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سیاسی و سماجی شخصیات نے گورنر ہاؤس کا دورہ کیا اور فیصل کریم کنڈی کو نئی آئینی ذمہ داریاں سنھبالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا.

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر سے مبارکباد کیلئے گورنر ہاؤس آنیوالے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انکا دلی شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ انشاء اللہ نہ صرف صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کردار ادا کریں گے بلکہ صوبائی حقوق کیلئے بھی اپنی آئینی ذمہ داریوں کے تحت بھرپور کردار ادا کریں گے۔