کاشتکاروں کو معیاری بیج،کھاد اور زرعی ادویات سمیت دیگر معاون سہولیات پہنچائی جائیں,کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر

14

ڈیرہ غازی خان۔ 26 مئی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کپاس کی ریکارڈ پیدوار کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے، کاشتکاروں کی مشکلات کم کرنے کیلئے محکموں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں، ڈویژن میں سات لاکھ 53 ہزار ایکڑ پر کپاس کی کاشت کا ہدف حاصل کرنے کیلئے موثر اقدامات شروع کر دیئے گئے۔اس حوالے سے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت کاٹن کراپ مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش،ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک،ڈاکٹر منصور بلوچ،عثمان علی،امیرا بیدار اور دیگر موجود تھے۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ کپاس کے کاشتکاروں کو ضرورت کے مطابق نہری پانی فراہم کیا جائیگا، زراعت اور انہار  کے افسران قریبی رابطہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو معیاری بیج،کھاد اور زرعی ادویات سمیت دیگر معاون سہولیات پہنچائی جائیں۔کمشنر نے کہا کہ بیج،کھاد اور زرعی ادویات میں ملاوٹ پر بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے، زرعی ماہرین زیادہ وقت کھیتوں میں گزاریں اور کپاس کی معیاری پیداوار کیلئے کاشتکاروں کی رہنمائی کریں۔اجلاس میں کمشنر نے دیگر امور کا جائزہ لیتے ہوئے بہتری کیلئے ہدایات جاری کیں۔