گلگت۔مئی23(اے پی پی)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے پاکستان میں ایفاد کے کنٹری ڈائریکٹر فرنانڈا تھومز داروچا (Fernanda Thomaz Darocha)کی سربراہی میں یورپین مشن اور اٹیلین ایجنسی فار ڈویلپمنٹ کارپوریشن پاکستان کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے اور زرعی شعبے کے فروغ کیلئے صوبے میں جاری ایفاد کا منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا۔ یہ منصوبہ زرعی شعبے کو فروغ دینے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ اس کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت اس منصوبے کی کامیابی کیلئے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنارہی ہے۔ اس منصوبے کی کامیابی سے گلگت بلتستان میں زرعی زمین کا اضافہ ہوگا اور لوگوں کی معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ اس منصوبے کو تین سال تک مزید وسعت دی جائے تاکہ اس کی کامیابی کے ثمرات گلگت بلتستان کے عوام تک پہنچ سکیں۔ ای ٹی آئی کے اس منصوبے میں گلگت بلتستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ پسماندہ علاقوں کے عوام کی بھی معیار زندگی بہتر ہو۔
وزیر اعلیٰ نے پاکستان کیلئے ایفاد کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر کی تعیناتی کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس امر سے پاکستان میں ایفاد کے جاری منصوبوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
اس موقع پر پاکستان میں ایفاد کے کنٹری ڈائریکٹر فرنانڈا تھومز داروچانے کہاکہ پہلی مرتبہ پاکستان میں ایفاد کے کنٹری ڈائریکٹر کی تعیناتی عمل میں آئی ہے جس سے ایفاد کے منصوبوں میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے پہلے دورے پر آئی ہوں اور ایفاد کے جاری منصوبے کا وزٹ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں یہ منصوبے صرف چار اضلاع کیلئے جس کو ابھی تمام دس اضلاع تک وسعت دی گئی ہے۔ زرعی شعبے کے فروغ کیلئے یہ منصوبہ انتہائی معاون ثابت ہوگا۔ اس منصوبے کے تحت ایک لاکھ گھرانوں کو زرعی زمین دستیاب ہوگی جس سے متوسط درجے کی معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ اس منصوبے میں تمام انفراسٹرکچر میں کمیونٹی کی شراکت کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے مقامی کمیونٹی کو فائدہ ہورہاہے۔ 41ہزار ایکڑ زمین کو قابل کاشت بنایاجاچکا ہے اور پانی کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔ مقامی زمینداروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے فارم ٹو مارکیٹ رسائی کوممکن بنایا گیا ہے۔ زمینوں کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے ڈیجیٹل لینڈ ٹائٹلنگ کی جارہی ہے۔
ایفاد کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کی سفارش پر ایفاد کے اس منصوبے کو مزید وسعت دینے اور فیز II شروع کرنے پر غور کیا جارہاہے۔ ایفاد کے اس منصوبے میں دوردراز اور پسماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ دیں گے۔
فرانسسکو زیٹا(Francesco Zatta) ہیڈآف اے آئی سی ایس اسلام آباد نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس منصوبے کی توسیع سے اٹیلین ایجنسی فار ڈویلپمنٹ کارپوریشن پاکستان کو اس منصوبے میں بحیثیت پارٹنر کام کرنے کا مزید موقع میسر آئے گا، ایفاد کے اس منصوبے میں ماحولیات کے تحفظ کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ گلگت بلتستان میں واٹر مینجمنٹ کے حوالے سے منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کو اس منصوبے کیساتھ منسلک کیا جاسکتا ہے۔