گلگت بلتستان کی عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، امیر مقام

27

گلگت,11 مئی (اے پی پی وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری مشتاق احمد اور آئی جی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ کی ملاقات۔

ملاقات میں گلگت بلتستان کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔انجینئر امیر مقام نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے ہمیشہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے خطے کو اپنے دل کے بہت قریب سمجھا جس کا واضح ثبوت ان علاقوں میں مکمل ہونے والے متعدد میگا پراجیکٹس کی موجودگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی خوشحالی دراصل پاکستان کی خوشحالی ہے اور سی پیک اور سیاحت کے شعبوں میں حکومتی اقدامات سے گلگت بلتستان آنے والے دنوں میں پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر انجینئرامیرمقام کا چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے دفتر آمد پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری مشتاق احمد ، آئی جی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ و دیگر اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔