گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سری لنکن بدھ مت رہنماؤں کے وفد  کی ملاقات

22

پشاور،31 مئی (اے پی پی): سری لنکن بدھ مت رہنماؤں کے وفد نے آج گورنر ہاؤس پشاور کا دورہ کیا۔ سری لنکا کے وزیر برائے بدھاساسنا، مذہبی اور ثقافتی امور ودورا وکرمانائیکا نے وفد کے ہمراہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سےملاقات کی، ملاقات میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے سری لنکن بدھ مت وفد کا گورنر ہاؤس آمد پر خیر مقدم کیا۔

وفد وزارت خارجہ کے زیر اہتمام سمپوزیم اور “گندھارا سے دنیا تک” کے عنوان سے ایک نمائش میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔وفد کو گورنر ہاؤس پشاور کی تاریخی عمارت کا معائنہ بھی کرایا گیا اور خیبرپختونخوا کی تاریخ و ثقافت بالخصوص بدھ مت کے قدیمی ورثے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بدھ مت کے تاریخی ثقافتی ورثے کو مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ہے، کیونکہ خیبرپختونخوا کے شمالی علاقہ جات سمیت دیگر علاقوں میں مختلف ممالک سے بدھ مت مذہبی پیشوا ہر سال دورہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدھ مت ورثہ گندھارا آرٹ اور ثقافت کی شکل میں شمال مغربی پاکستان میں مکمل محفوظ ہے۔

ملاقات میں پاکستان و سری لنکا کے مابین سیاحت کو فروغ دینے سے متعلق بھی گفتگو کی گئی، جبکہ وفد نے مہمان نوازی اور صوبے میں بدھ مت ورثے کو محفوظ رکھنے پر گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا۔