ہرنائی،یکم مئی (اے پی پی )؛ یکم مئی عالمی یوم مزدور کے حوالے سے ہرنائی بازار میں کوئلہ رائزنگ کنٹریکٹرز اور بلوچستان لیبر فیڈریشن کی جانب سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
ہرنائی بازار میں نکالی گئی ریلی کی قیادت عبدالناصر ملازئی نے کی، ریلی میں کثیر تعداد میں مزدوروں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے،جن پر مزدوروں کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکا نے مزدوروں کے حق میں نعرے لگائے اور شرکا نے پورے شہر کا چکر لگایا۔
بلوچستان لیبر فیڈریشن ہرنائی کی جانب سے یکم مئی عالمی یوم مزدور کے حوالے سے بھی ریلی کا انعقادکیا گیا اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی اور مظاہرے کی قیادت بلوچستان لیبر فیڈریشن ہرنائی کے ضلعی صدر حبیب اللہ نے کی جبکہ اس موقع پر آل ملازمین اتحاد کے ضلعی صدر صاحب جان ترین اور جنرل سیکرٹری مسعود خان نے بھی شرکت کی ۔
ریلی میں کثیر تعداد میں محنت کشوں نے شرکت کی،ریلی کے شرکاءنے ہاتھوں میں سرخ جھنڈے اٹھا رکھے تھے،ریلی کے شرکا نے شکاگو کے مزدوروں کے حق میں نعرے لگائے، ریلی کے شرکا نے پورے شہر کا چکر لگایا۔