ہمیں ماحول ،پانی، اور ہوا کو آلودگی سے پاک کرکے زمین کو سرسبز وشاداب بنانا ہے: سینئرمنسٹر مریم اورنگزیب

31

لاہور یکم مئی(اے پی پی): سینئرمنسٹر مریم اورنگزیب کی ہدایت پرصوبہ بھر میں پرولیسیس پلانٹس کے خلاف بشمول شیخوپورہ اور مریدکے میں  کریک ڈاٶن بدستور جاری ہے۔ٹائروں کو پگھلاکر زہریلے دھوئیں اور کیمیائی تعفن پھیلانے میں ملوث درجنوں یونٹس کو منہدم کر دیا گیا۔

شیخوپورہ اور مریدکے میں واقع آفتاب گیلانی پرولیسیس پلانٹ،موضع ننگل پرولیسیس پلانٹ، سہدان  پرولیسیس پلانٹ ،دانش پرولیسیس پلانٹ،میاں رفاقت پرولیسیس پلانٹ ،دوردہند پرولیسیس پلانٹ ،عاشق،اے ی ایچ پرولیسیس پلانٹ،عامر پرولیسیس پلانٹ اور دیگر پرولیسیس پلانٹس کو مسمارکرکے بجلی کے کنکشنز کاٹ دیے گئے

لاہور، شیخوپورہ، مرید کے سمیت مختلف شہروں میں محکمہ تحفظ ماحول، میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ آپریشن کیا۔

سنیئر منسٹرمریم اورنگزیب نے کہا کہ ٹائر پگھلانے سے سانس، پھیپھڑوں اور کینسر سمیت دیگر جان لیوا بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ انسانی جانوں کوخطرے میں ڈالنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جاۓ گی۔ ٹائر جلانے سے پیدا ہونے والے دھوئیں سے پنجاب میں لوگ دمے، سانس اور پھیپھڑوں کی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں، مریم اورنگزیب نے کہا کہ 400 سے 800 درجہ حرارت پر ٹائر اور دیگر نامیاتی اجزاء جلانے سے انتہائی زہریلی گیس ‘کاربن مونو آکسائیڈ’ پھیلتی ہے ، یہ فیکٹریاں فضا میں موت پھیلا رہی ہیں۔

سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پہ تمام انڈسٹری ، انڈسٹریل یونٹ اور بھٹے کی میپنگ مکمل کی جا رہی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کی زندگی اور صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ٹارگٹ ہے کہ جلد سے جلد پنجاب کی فضا کو ایسے زہر سے پاک کیاجائے جو بچوں سمیت شہریوں کی زندگیوں کو تباہ کر رہا ہے  ، سینئر منسٹر نے کہا کہ زندگیاں بچانے اور عوام کی صحت کے تحفظ کے لئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمیں ماحول ،پانی، اور ہوا کو آلودگی سے پاک کرکے زمین کو سرسبز وشاداب بنانا ہے۔