یوم تکبیر کی مناسبت سے ضلع حب اور لسبیلہ میں ریلی ، شرکاء نے پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے

24

 

حب، 28 مئی (اے پی پی ):یوم تکبیر 28 مئی  کا  دن ،  ملک بھر کی طرح ضلع حب اور ضلع لسبیلہ میں بھی جوش جزبے کے ساتھ منایا گیا، ضلع حب اور ضلع  لسبیلہ میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے یوم تکبیر کے دن  کے حوالے سے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول سے ریلی نکالی گئی ،ریلی کے شرکاء نے مختلف بینرز پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے درج تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر حب محمد علی درانی کی زیر قیادت میں یوم تکبیر ریلی نکالی گئی، ریلی میں ضلعی انتظامیہ تمام محکموں کے افسران سمیت سیاسی و سماجی شخصیات ، شہریوں اور سول سوسائٹی، پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی رہنماؤں، کونسلران اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اسسٹنٹ کمشنر حب محمد علی درانی  نے ریلی شرکاء سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو ناقابل تسخیر ایٹمی طاقت بنانے میں بلوچستان کو اعزاز حاصل ہے، پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں کی بدولت دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات بھی نہیں کرسکتے ہیں۔

 اسسٹنٹ کمشنر محمد علی درانی  نے  یوم تکبیر ریلی کے شرکاء سے خطاب میں   کامیاب اور شاندار ریلی کے انعقاد پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ،سول سوسائٹی سے اظہار تشکر  کیا  اور کہا کہ ہمیں اپنے ایٹمی سائنسدان محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر پر فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی مضبوط ترین عسکری قوت ہے ،بلوچستان کے عوام  ملکی دفاع کیلئے ہمہ وقت افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

 اس موقع پر  چیئرمین سول سوسائٹی حب مولانا یعقوب ساسولی  نے  ریلی سے خطاب میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی ہے، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔

ریلی کے  اختتام پر ریلی کے شرکاء نے پاکستان کی سلامتی اور بقا ک کیلئے  خصوصی دعائیں بھی کی۔