یکم مئی عالمی یوم مزدور, مزدور کی محنت و عظمت اور جدوجہد کا استعارہ

8

اسلام آ باد ،01 مئی  (اے پی پی ):وہ دن جب 1886 میں  شکاگو میں   اپنا پسینہ بہا کر محنت کرنے والے جفاکشوں کو سرمایہ دار طبقے کے خلاف  اپنے حقوق کی آواز بلند کرنے کی پاداش میں  خون میں نہلا دیا گیا، مگر ان  مزدوروں کی اس  قربانی  نے ظلم  اور استحصال کے خلاف  محنت کشوں کی آواز اور جدوجہد کو نئی توانائی بخشی   جس کے نتیجے میں  محنت کشوں کے حقوق کو تسلیم کیا گیا ۔

صنعتی انقلاب  کے بعد، سرمایہ داروں  کے استحصال کے نتیجے میں  مزدوروں کی بدحالی حد سے زیادہ بڑھ گئی تھی   اور ان سے دن میں 18 گھنٹوں تک کام کروایا جاتا تھا۔  یوم مئی کا آغاز 1886ء میں محنت کشوں کی طرف سے آٹھ گھنٹے کے اوقات کار کے مطالبے سے ہوا اس دن امریکا کے محنت کشوں نے مکمل ہڑتال کی۔ تین مئی کو اس سلسلے میں شکاگو میں منعقد مزدوروں کے احتجاجی جلسے پر حملہ ہوا جس میں چار مزدور ہلاک ہوئے۔ اس بر بریت کے خلاف محنت کش احتجاجی مظاہرے کے لیے جمع ہوئے۔پولیس نے مظاہرہ روکنے کے لیے محنت کشوں پر تشدد کیا اسی دوران میں بم دھماکے میں ایک پولیس افسر ہلاک ہوا تو پولیس نے مظاہرین پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی جس کے نتیجے میں بے شمار مزدور  لقمہ اجل  بنے اور درجنوں کی تعداد میں زخمی ہوئے  ،اس موقعے پر سرمایہ داروں نے مزدور رہنماؤں کو گرفتار کر کے پھانسیاں دی۔ ان مزدوروں نے اس  تحریک کے لیے جان دے کر سرمایہ دارانہ نظام کا انصاف اور بر بریت واضح کر دی۔  جس کے نتیجے میں مزدوروں کے حقوق کو تسلیم کیا گیا ۔

1890میں پہلی مرتبہ یکم مئی کو عالمی یوم  مزدور کے طور پر  منانے کا اعلان کیا گیا تھا، جس  کا بنیادی  مقصد مزدور طبقہ کےساتھ اظہار یکجہتی ، ان کے مسائل کے خاتمہ اور انہیں  سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے شعور اجاگر کرنا ہے ۔ حکومت پاکستان یکم مئی 1972کو پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر سرکاری سطح پر یکم مئی کو محنت کشوں کا دن قرار دیا تھا ،اس دن  ملک بھر عام تعطیل کی جاتی ہے  اور پاکستان کے تمام محنت کش دنیا بھر کے محنت کشوں سےمل کر مزدور طبقہ کی جدوجہد کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

مزدوروں کا عالمی دن کار خانوں، کھتیوں کھلیانوں، کانوں اور دیگر کار گاہوں میں سرمائے کی بھٹی میں جلنے والے لاتعداد محنت کشوں کا دن ہے  وہ محنت کش  جو انسانی ترقی اور تمدن کی تاریخی بنیاد ہیں۔