اسلام آباد، 21 جون (اے پی پی): گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعہ کے روز سرکاری خبر رساں ایجنسی، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کے نیوز آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو اس موقع پر ادارے کے نیٹ ورک اور آپریشنز کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کی پریمئیم نیوز ایجنسی متعدد زبانوں بشمول اردو، انگریزی، سندھی، سرائیکی، بلوچی، پشتو، عربی اور چینی میں خبریں نشر کرتی ہے۔
بریفنگ میں گورنر کے پی کے کو ادارے کی طرف سے سے جاری کردہ قومی، علاقائی اور بین الاقوامی میڈیا آؤٹ لیٹس کی زینت بننے والی سپیشل رپورٹس، نیوز پیکجز اور نیوز فیچرز کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے اے پی پی کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے ادارے کے اعلیٰ حکام اور ملازمین سے بات چیت میں انکی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ادارے میں مزید بہتری لانے پر زور دیا۔











