اوکاڑہ ،29(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) فرخ عتیق خان نے کہا ہے کہ درخت زندگی کے خوبصورت تسلسل کے لئے بنیادی ضرورت اور کرہ ارض پر ہماری بقا کے لئے سب سے ضروری ہیں اب ہماری موسمیاتی تبدیلیاں جس انداز سے خطرنات صورت حال اختیار کر رہی ہیں اور ان کے اثرات دن بہ دن بڑھ رہے ہیں ان کی روک تھام کے لئے درخت ہی آخری حل ہیں ہمیں شجرکاری کو سب سے اولین فوقیت دینا ہے ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کینال روڈ پر واقع محکمہ جنگلات کی نرسری کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر نصیر الحق نے ضلع میں کی گئی شجر کاری مہم،اہداف اور نرسری میں موجود پودوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کی وہ سرکاری محکموں کی مشاورت سے دفاتر اور ملحقہ سٹرکوں پر بھی شجرکاری کے لئے منصوبہ کو حتمی شکل دیں سرکاری دفاتر میں شجرکاری کو سب سے زیادہ اہمیت دیں پودے لگانے اور ان کی دیکھ بھال کے لئے کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کہ درخت زندگی کی علامت،مستقبل کی سرمایہ کاری او ر وقت کی ضرورت ہیں پاکستان کو سر سبز و شاداب بنائے بغیر ہم کسی بھی شعبہ میں ترقی کے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کر سکتے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بحثیت قوم شجرکاری کو اپنی ترجیح بنائیں۔