جدید ٹیکنالوجی پر دسترس حاصل کرنے والے ممالک آج ترقی کی دوڑ میں بہت آگے نکل گئے ہیں، فیصل کریم کنڈی

17

پشاور، 25جون(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ صوابی کے 28 ویں کانووکیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر گورنر نے انجنئیرنگ، منیجمنٹ سائنسز اور اپلائیڈ سائینسز میں ماسٹر، ایم فل اور بیچلر کی تعلیم مکمل کرنے والے 475 طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 15 طلبہ میں گولڈمیڈلز بھی تقسیم کیے۔ انہوں نے تعلیمی کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ، والدین اور فیکلٹی اراکین کو مبارکباد پیش کی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ نہ صرف اس صوبہ بلکہ ملک بھر کا معیاری تعلیمی ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ GIK کی مقبولیت کا راز تعلیمی معیار و میرٹ پر سمجھوتہ نہ کرنا ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ جی آئی کے جیسے معیاری تعلیمی ادارے صوبہ کے دیگر مقامات پر بھی قائم ہوں۔

گورنر نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی پر دسترس حاصل کرنے والے ممالک آج ترقی کی دوڑ میں بہت آگے نکل گئے ہیں اور ترقی کے منازل طے کرنے کے لیے ہمیں بھی ٹیکنالوجی کے علم میں اپنا قابل تعریف حصہ ڈالنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے صوبہ میں تعلیمی معیار کو پیچھے چھوڑ دیا گیا ہے اور نوجوانوں کو ایسی تعلیم دینی ہے جس سے ان میں خوداعتمادی اور قابلیت میں نکھار آسکے۔ اعلیٰ تعلیم نوجوان نسل کے ساتھ ملک و قوم کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ تعلیم یافتہ افراد پیداواری صلاحیت کے محرک ہوتے ہیں۔

کانووکیشن میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر GIK شکیل درانی، ریکٹر GIK ڈاکٹر فضل احمد خان، ایس ایم زیدی پروریکٹر اکیڈیمک، سردار آمین اللہ خان پرو ریکٹر، فیکلٹی اراکین، طلباء و طالبات اور والدین نے شرکت کی۔