فیصل آباد،14جون (اے پی پی):رہنما پاکستان مسلم لیگ ( ن ) فیصل آباد میاں عرفان منان نےکہا ہے کہ وفاقی حکومت نے موجودہ معاشی حالات کے اندر جتنا بہترین بجٹ پیش کیا جانا چاہیے تھا پیش کیا ہے، ساری قوم جانتی ہے کہ نواز شریف کا 2013سے 2018 کا دور پاکستان کا سنہرا دور تھا،انڈسٹری لگ رہی تھی،بجلی اور گیس کی قیمتیں جہاں پر تھیں پوری قوم جانتی ہے۔روزمرہ استعمال کی اشیا گھی،آٹا، چینی ،پٹرول،ڈیزل اورڈالر ہر چیز کنٹرول میں تھی۔
اے پی پی سے خصوصی پوسٹ بجٹ گفتگو کرتے ہوئےمیاں عرفان منان نے کہا کہ 2108 کیبعد اس ملک میں ایک تجربہ کیا گیا اور وہ تجربہ پاکستان کی قوم کو بہت مہنگا پڑا، اس کے بعد 16مہینے کی شہباز شریف کی، پی ڈی ایم کی حکومت رہی ،پھر انٹیرم گورنمنٹ آئی اور ابھی الیکشن کے بعد گورنمنٹ کے تین چار مہینے ہوئے ہیں اور مخلوط حکومت نے بجٹ پیش کیا ہے، بجٹ میں بنیادی چیزیں تھیں کہ عام آدمی کی زندگی میں آسانی کیسے لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کم سے کم تنخواہ 32 ہزار سے 37 ہزار پہ چلی گئی ہے، سولر کے حوالے سے حکومت نے بڑا انیشی ایٹو لیا ہے کیونکہ بڑا شور تھا کہ شاید سولر پہ ٹیکس لگایا جا رہا ہے تاہم ایسا کوئی کام نہیں ہوا اور تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
میاں عرفان منان نے کہا کہ حکومت نے کہا ہے کہ مقامی سرمایہ کاری ہو یا بیرونی سرمایہ کاری ہو انرجی سیکٹر میں آئے اور الٹرنیٹ انرجی میں انویسٹمنٹ کریں۔ پاکستان کے اندر الٹرنیٹوانرجی کے بہت سارے مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی اورمتوسط طبقوں کی بہتری ،غریب بچوں کےلئے وظیفے اورتعلیم کےلئے چاہے وہ میاں نواز شریف کا 2013 سے 2018 کا دور تھا یا اب کولیشن گورنمنٹ ہے بی آئی ایس پی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ان کے حوالے سے جو چیزیں حکومت وقت کر سکتی ہے نا مساعد حالات کے باوجود ایک بہترین بیلنس بجٹ پیش کیا گیا ہے۔
میاں عرفان منان نے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ کے اوپر دباؤ ہے ان کا ٹیکس سیلری میں سےکٹ کے آتا ہے اب باقی لوگوں کو ٹیکس دینا پڑے گا، 40 سے50 لاکھ لوگ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کا وزن نہیں اٹھا سکتے۔ٹیکس نیٹ،ٹیکس بیس کو بڑھانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ لوگ پر تعیش زندگیاں گزار رہے ہیں مگر جب ٹیکس کی ریٹرن جاتی ہے تو وہ دیکھ کے دکھ اور تکلیف ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بدلنا پڑے گا،ٹیکس کلچر کو متعارف کرانا پڑے گا اور لوگوں کو ٹیکس دینا پڑے گا اپنے لیے نہیں آنے والی نسلوں کے لیے اور بہترین پاکستان کےلئے۔