پشاور، 26 جون(اے پی پی)، ریلوے اسٹیشن پشاور کینٹ اور سٹی اسٹیشن پر پولیس نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان کے قبضے سے 1 لاکھ 6 ہزار روپے کی جعلی پاکستانی کرنسی، آئس اور 5 کلو چرس برآمد کر لی۔
پہلی کارروائی میں ایس ایچ او کینٹ جمال عبدالناصر خان کی قیادت میں ریلوے اسٹیشن کینٹ پر ملزم ارسلان خان کی تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے 1 لاکھ 6 ہزار روپے کی جعلی پاکستانی کرنسی اور 10 گرام آئس برآمد ہوئی۔ دوسری کارروائی میں پشاور سٹی اسٹیشن پر پولیس نے ملزم سدیس کے قبضے سے 5 کلو چرس برآمد کر لی۔
ایس پی پشاور کے مطابق ملزمان جعلی کرنسی اور منشیات کو خیبر پختونخوا سے بذریعہ ٹرین پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔دونوں ملزمان کو موقع پر گرفتار کرکے تھانہ ریلویز پولیس پشاور کینٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس پی مہر کوثر نے بتایا کہ پولیس ان اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ معاشرے سے جرائم کا خاتمہ کیا جا سکے۔