اسلام آباد، 10 جون ( اےپی پی): سابق بیوروکریٹ سلمان فاروقی کی کتاب‘‘ڈیئرمسٹرجناح’’کی تقریب رونمائی پیر کو یہاں انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیزاسلام آبادمیں کی گئی۔تقریب کے مہمان خصوصی سینیٹرمشاہدحسین سید،پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر ،سفیر سہیل محمود،سابق چیئرمین واپڈا شکیل درانی ودیگر نے خطاب کیا۔
اس موقع پر مقررین نے کہاکہ 432 صفحات پر مشتمل کتاب‘‘ڈیئرمسٹرجناح’’پاکستان کی آزادی کے بعد سے ایک سول سرونٹ کی 70سالہ زندگی اور ملکی تاریخ پر ایک منفرد نقطہ نظر پیش کرتی ہے۔ کتاب میں سلمان فاروقی کے ذاتی تجربات، یادداشتوں اور ملکی تاریخ کے تلخ و شیریں سیاسی واقعات کے عینی شاہد ہونے کا احاطہ کیا گیا ہے۔ سلمان فاروقی سابق وزرائے اعظم محترمہ بینظیر بھٹو اور محمد خان جونیجو کے سیکرٹریز کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ ملک کے بعض اعلیٰ سول سروس کے عہدوں پر فائز رہے جن میں سفیر بلا سفارتخانہ، صدر پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور نائب چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن شامل ہیں۔