شہروں کے اہم مقامات پر فیلڈ کیمپس لگیں گے،آلائشوں کی جگہوں کو صاف کرکے چونے کا چھڑکاؤ کیا جائے،کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر

24

 

ڈیرہ غازی خان ،15 جون (اے پی پی ):کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان،ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران شریک تھے۔اڈی جی خان ڈویژن میں عید الاضحیٰ کے انتظامات،لاء اینڈ آرڈر اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں 1380 مساجد سمیت  1398 مقامات پر عیدالاضحیٰ کے اجتماعات ہوں گے۔پولیس کے افسران سمیت 2929 جوان اور کیو آر ایف کی 23 ٹیمیں سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی۔حساس مقامات پر 619 سی سی ٹی وی کیمرے اور 23 واک تھرو گیٹس نصب  ہوں گے۔1116 میٹل ڈیٹیکٹر سے بھی سرچنگ کرائی جائے گی۔قربانی کی آلائشوں کےلئے گھر گھر ماحول دوست بیگز کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ شہروں کے اہم مقامات پر فیلڈ کیمپس لگیں گے۔آلائشوں کی جگہوں کو صاف کرکے چونے کا چھڑکاؤ کیا جائے۔اہم شاہراہوں کو دھویا جائیگا۔دیہی علاقوں کو بھی فوکس کیا جائیگا،عید کے ایام میں بھی افسران اور ملازمین فیلڈ میں موجود رہیں گے،ڈی جی خان ڈویژن میں 22 مویشی منڈی اور 25 سیل پوائنٹس فنکشنل ہیں،غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی جاری ہے،امن و امان کے قیام کےلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا    کہ عید کے ایام میں ٹرانسپورٹ کے کرایہ میں عملدرآمد کرایا جائے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عام آدمی تک پہنچایا جائے،عید کی چھٹیوں میں بھی نان/روٹی سمیت غذائی اشیاء کی قیمتوں پر نظر رکھی جائے،

مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کی عید ایام کے بعد خصوصی صفائی کی جائے۔ضلعی حکومت دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کریں۔میونسپل سروسز کی بہتری تمام محکمے ملکر کام کریں۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ عید کے ایام میں کنٹرول رومز،شکایات سیل اور ہیلپ لائن فعال رکھی جائیں۔

آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہا کہ عید کےاجتماعات،صوبائی،ڈویژنل اور ضلعی سرحدوں کو خصوصی کو فوکس کرتے ہوئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔پارکس،تفریحی مقامات اور عید اجتماعات پر محفوظ پارکنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔