صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا چوتھا اجلاس

25

لاہور۔14 جون(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا۔

صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران ڈینگی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ڈینگی سرویلنس کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خود انسدادِ ڈینگی کارروائیوں کو مانیٹر کرنا ہوگا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی پر قابو کسی ایک محکمہ کی نہیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ علماء کرام سے جمعہ کے خطبہ کے دوران عوام کو اس حوالہ سے آگاہی پھیلانی کی گزارش ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانولہ اور ملتان میں ڈینگی سرویلنس سرگرمیوں کو بڑھایا جائے۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت دی ک تمام سیکرٹریز اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی سمیت دیگر امراض کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت مؤثر لائحہ عمل اپنا رہا ہے۔ بڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے کام کی بر وقت تکمیل حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔

 خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن تعلیمی اداروں میں انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کو یقینی بنائیں۔ ابھی تک رواں سال کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 170 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہر ڈینگی کیس کو ٹریک کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر محکمہ کو ضلعی سطح پر متحرک کرنا ہوگا۔ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کی ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی ورکرز کی آئندہ بھرتی نہیں ہوگی، دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے، ڈینگی کے خاتمہ کے لئے شہریوں، حکومت کو مل کر کام کرنا ہوگا، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ شہریوں کو اپنے گھروں میں ڈینگی لاروا کی افزائش کی جگہوں کو ختم کرنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے محکمہ صحت کا ساتھ دیں، ڈینگی کی ٹیمیں کب تک لوگوں کے گھروں میں ائیر کولرز صاف کرتے رہیں گے، جس گھر سے لاروا ملے انکو ذمہ دار ٹھہرانا پڑے گا، روایتی طریقوں سے ہٹ کر انسداد ڈینگی کے لئے کوئی نیا میکانزم بنانا پڑے گا، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں یونین کونسل سطح پر سیاسی رہنماؤں کو نگران بنایا جائے، ایک دو ہفتوں میں خسرہ کیسز میں نمایاں کمی ہو جائیگی، خواجہ عمران نذیر نے ہدایت دی کہ کانگو وائرس کے سلسلہ میں مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور، سیکرٹری صحت علی جان خان، مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز اور وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے تمام کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔