کہوٹہ، 11 جون (اے پی پی):عید الاضحی سے چند دن قبل ہی ملک میں اربوں روپے کی اقتصادی سرگرمیاں شروع ہو جاتی ہیں۔ جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے جگہ جگہ مویشی منڈیاں قائم کی جاتی ہیں۔
عید الاضحی کی آمد کو چند دن باقی ہیں،پاکستان کے مختلف شہروں کی طرح کہوٹہ میں بھی عید کی تیاریاں جاری ہیں۔کہوٹہ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جانوروں کے بیوپاریوں اور خریداروں کی سہولت کے لیے شہری آبادی سے باہر قربانی کے جانوروں کا سیل پوائنٹ قائم کیا گیا ہے۔
اے سی کہوٹہ ایوشہ ظفر کا اے پی پی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عید قربان کی آمد قریب ہے اور اس سلسلے میں انتظامیہ نے عارضی مویشی منڈی کا انعقاد کیا ہے۔اس مویشی منڈی میں تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے سہولیات میسر ہوں گیں تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو کسی قسم کی تکلیف نہ اٹھانی پڑے اور کہا کانگو وائرس کنڑول کے لیے کہوٹہ کے داخلی راستوں پر دو عدد چیک پوسٹ بنائی گئی ہیں، تاکہ بیرون شہر سے آنے والے جانوروں پر سپرے کیا جاسکے۔
انہوں نے صفائی کے انتظامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو گھر گھر جا کر قربانی کےجانوروں کی آلائشیں اکھٹی کریں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق کسی بھی غیر رجسٹرڈ ادارے کو قربانی کی کھالیں اکھٹی نہیں کرنی دی جائیں گی۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور عارضی مقرر کردہ سیل پوائنٹ پر ہی قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کریں، تاکہ شہر میں بدنظمی پیدا نہ ہو۔