لاہور، 28 جون ( اے پی پی ) ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت مون سون بارشوں بارے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں لاہور ،فیصل آباد،راولپنڈی گجرانوالہ اور ملتان کے واسا حکام نے شرکت کی۔
ڈی سی راجن پو اور ڈی سی ڈیرہ غازی خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈی سیز کی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریلیف کیمپس کے قیام اور انخلاء کے پلان بارے بریفنگ دی گئی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے انتظامیہ کو نالوں کی صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ نالوں کے راستوں میں موجود تجاوزات کا خاتمہ کریں۔ ہنگامی صورتحال میں آبادی کے بچاؤ کیلئے مقامی سطح پر بھی آگاہی مہم چلائیں۔ ریلیف کیمپوں کی نشاندہی کریں تاکہ ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو فوراً منتقل کیا جا سکے۔
واسا حکام نے اربن فلڈنگ کے پیش نظر تیاریوں پر بریفنگ دی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے واسا کو تمام نالوں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ راولپنڈی نالہ لئی کی ڈی سلٹنگ جلد مکمل کریں۔ پی ڈی ایم اے تمام تر وسائل فراہم کرے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں تمام انتظامات پیشگی مکمل کریں۔