سرگودھا ۔14جون (اے پی پی):ہلال احمر تھیلیسیمیا اینڈ ہیموفیلیا بلڈ سینٹر سلانوالی روڈ میں خون عطیہ کرنے کے عالمی دن (ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے) پر ”عطیہ خون زندگی بچائیں“ کے عنوان سے تقریب منعقد ہوئی،جس کی مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا آمنہ احسان تارڑ اور کوآرڈینیٹر ہلال احمر سنٹر مرزا غلام مرتضیٰ تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا نے کہا کہ خون عطیہ کرنے کا عالمی دن ہر سال 14 جون کو منایا جاتا ہے،جو ان لوگوں کو عزت دینے اور ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ایک عالمی جشن ہے جو دوسروں کو زندگی کا تحفہ دینے کے لیے رضاکارانہ اور بلا معاوضہ اپنا خون عطیہ کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ ایک نیک عمل ہے اور ضرورت مند مریض ہر ماہ خون کے عطیات سے خون کی کمی اور کینسر کا علاج کراتے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ لوگ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے بلڈ بینکوں یا ہلال احمر کو خون عطیہ کریں تاکہ وہ بھی اپنی زندگی کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہو سکیں۔
کوآرڈینیٹر ہلال احمر سینٹر مرزا غلام مرتضیٰ نے کہا کہ خون عطیہ کرنے کا عالمی دن منانے کا مقصد خون کے عطیہ کی اہمیت اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کی مدد بارے شعور اجاگر کرنا ہے۔ ُانہوں نے کہا کہ ہلال احمر کے ہیموفیلیا بلڈ سینٹر میں تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کو خون فراہم کیا جاتا ہے ۔











