ملتان، 29 جون (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ و پولیس نے شہر اولیاء میں محرم الحرام کے لئے ماتمی جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر خصوصی انتظامات کا آغاز کر دیا،مجالس و جلوس کے راستوں پر پیچ ورک،لائٹس،صفائی سمیت سیکورٹی کے حوالے سے کام شروع کر دیئےگئے،لائسنداران ومنتظمین نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور سی پی او صادق علی ڈوگر کی زیر صدارت محرم الحرام میں امن کے قیام اور انتظامات کے سلسلے میں خصوصی اجلاس ہوا۔جس میں ضلعی محکموں اور پولیس کے دیگرافسران سمیت لائسنس داران،امن کمیٹی کے ممبران اور مذہبی عمائدین نے شرکت کی۔ضلعی محکموں اور پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔لائسنس داران اور مذہبی عمائدین نے اپنے مسائل و تحفظات بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ان کے مسائل کو غور سے سنا اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مثالی امان و امان ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،شرپسندی اور مذہبی منافرت سے ریاست آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔انہوں نے کہا کہ عزاداروں اور لائسنس داران کے مطالبہ پر جلوس و مجالس کے روٹس پر تمام تعمیراتی کام مکمل کئے جائیں گے،جلوس و مجالس سمیت امام بارگاہوں کے روٹس پر تمام ضلعی محکموں کی جانب سے کیمپ و شکایات سنٹرز بھی قائم کئے جائیں گے۔سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ شہر اولیاء میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے،حساس مقامات اور امام بارگاہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے اور چوکیاں قائم کی جائینگی۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کو برقرار رکھنے کیلئے تمام سیکورٹی ادارے اور پولیس مکمل رابطے میں ہیں،علماء کرام محرم الحرام پر امن اور بھائی چارے کا پیغام دیکر ذمہ داری نبھائیں۔مذہبی عمائدین اور لائنسن داران نے انتظامیہ اور پولیس کو یقین دلایا کہ وہ محرم الحرام میں مکمل تعاون کریں گے اور امن کی فضا ء کو برقرار رکھنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔اس دوران ڈپٹی کمشنر ملتان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات وقت پر مکمل کئے جائیں،جلوس و مجالس کے روٹس پرصفائی کا خاص خیال رکھا جائے اورسی سی ٹی سی کیمروں کی تنصیب کو جلد مکمل کیا جائے۔اجلاس کے آخر میں ملکی سلامتی اور امن وامان کے قیام کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔