مذہبی علماء اکرام کے وفد کا سنٹرل پولیس آفس کا دورہ ، مساجد و مدارس کی سکیورٹی انتظامات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

16

لاہور 14 جون (اے پی پی): مذہبی علماء اکرام کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی قیادت میں وفد نے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان سے ملاقات کی۔

مفتی انتخاب احمد ، مفتی محمد عمران ، مولانا سردار محمد خان لغاری ، مولانا محمد علی نقشبندی اور مولانا احسان الحق صدیقی وفد  میں شامل تھے۔

 ملاقات میں مساجد و مدارس کی سکیورٹی، محرم سکیورٹی انتظامات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس ایس او پیز کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں اور مدارس کی سکیورٹی یقینی بنا رہی ہے ۔

  عید الاضحٰی کے موقع پر بھی ایس او پیز کے مطابق سخت سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے ۔ شہزادہ سلطان نے کہا کہ پنجاب پولیس قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایات پر عمل در آمد یقینی بنائے گی ۔  ڈاکٹر راغب  حسین نعیمی نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے علمائے کرام اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔