مری میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ،بھاری جرمانے اور اصلاحی نوٹسز جاری

28

 

مری,15 جون (اے پی پی ):مری میں فوڈ اتھارٹی نے ایکسپریس وے اور جھیکا گلی میں مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ، ایک معروف کافی شاپ کو ایکسپائرڈ دودھ رکھنے کی بنا پر فوری طور پر کام روکنے کا حکم دیا گیا، جبکہ ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کو ناقص آئل استعمال کرنے پر 15 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ، معمولی نقائص پر دو فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق، سیاحوں کو معیاری خوراک فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔فوڈ اتھارٹی کے افسران کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات کا مقصد مری آنے والے سیاحوں کو محفوظ اور صحت مند خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ کارروائیوں کے دوران صفائی کے معیار، اشیاء خورد و نوش کی تازگی اور تیاری کے عمل کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔ اتھارٹی نے تمام فوڈ پوائنٹس کو ہدایت کی کہ وہ حفظان صحت کے اصولوں کی پابندی کریں اور معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کریں۔

اس طرح کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ مری میں موجود فوڈ پوائنٹس کی نگرانی کی جا سکے اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ سیاحوں کو بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ کھانے پینے کی اشیاء خریدتے وقت ان کی تازگی اور معیار کو مدنظر رکھیں۔