ملتان: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت ،ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ملازمین کو بہترین کارکردگی پر عید بونس کی فراہمی

27

ملتان۔ 21 جون(اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ملازمین کو بہترین کارکردگی پر عید بونس کی فراہمی کردی گئی اس سلسلے میں کمشنر مریم خان ،ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے ایک تنخواہ بطور بونس کا چیک ملازمین کو پیش کیا۔ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انتظامیہ کی جانب سے سینٹری ورکرز کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

اس موقع پر کمشنر مریم خان ،ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور چیئرمین ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میاں راشد اقبال نے تقریب کی  صدارت کی جبکہ سی ای او شاہد یعقوب نے عملہ صفائی کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا۔

کمشنر مریم خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سینٹری ورکرز نے بھرپور محنت کرکے شہر اولیاء کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے تمام عملہ صفائی کی بھرپور حوصلہ افزائی کیلئے بونس کا اعلان کیا۔

ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ شہر اولیاء کے باسیوں نے مثالی صفائی پر بھرپور اظہار اطمینان کیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے  بھرپور مانیڑننگ کے ذریعے صفائی شکایات کا فوری ازالہ کیا۔وسیم حامد سندھو  کا کہنا تھا کہ 24 ہزار ٹن سے زائد آلائشوں کو ریکارڈ مدت میں کلئیر کیاگیا۔

چیئرمین ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میاں راشد اقبال نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے عمدہ کارکردگی کے باعث شہریوں کے دل جیتے۔ قبل ازیں تقریب میں اعلیٰ کارکردگی کے حامل سینٹری ورکرز اور کمپنی افسران کو سرٹیفیکیٹس بھی پیش کئے گئے۔