ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، وزیراعظم محمد شہباز شریف

14

اسلام آباد۔24جون  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ  مل کر پولیو کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پولیو کے خاتمہ کیلئے قومی ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ انسانیت کیلئے آپ کی خدمات لائق تحسین ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے آپ کو خوش آمدید کہتا ہوں، ریاض میں سربراہ اجلاس کے موقع پر آپ سے ملاقات کے دوران مفید بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کیلئے بہتر صحت اور بچوں کی نشوونما میں آپ کی خدمات سے پاکستان مستفید ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال انسداد پولیو کیلئے مالی معاونت میں 30 فیصد حصہ بل گیٹس فائونڈیشن کا ہے، ملک میں صحت اور سماجی شعبہ میں آپ کی خدمات سے پاکستان مستفید ہو رہا ہے، ہمیں پولیو کے خاتمہ کیلئے فوری عمل کرنا ہو گا، سرحدی آمدورفت سے پاکستان میں پولیو آیا، ہمیں اس مسئلہ سے مؤثر انداز میں نمٹنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے گذشتہ تین سال میں مالی معاونت میں اضافہ ہوا، سعودی عرب نے آئندہ پانچ سال میں 50 کروڑ ڈالر کی یقینی دہانی کرائی ہے، وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ گذشتہ چھ ماہ میں انسداد پولیو کی 6 مہمات چلائی گئیں، اپنے بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے ہمیں اپنے ملک کو پولیو سے پاک کرنا ہے، پولیو کے خاتمہ کیلئے تواتر سے اجلاس کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں تعاون پر آپ کے شکرگزار ہیں۔ چیئرمین بل گیٹس فائونڈیشن بل گیٹس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ انسداد پولیو اور صحت کے دیگر شعبوں میں کام کرنے کیلئے تیار ہیں، آئندہ 6 ماہ میں مل کر پوری تندہی سے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا، پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن منصوبہ ہماری ترجیح ہے۔ تقریب میں وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔