اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2024-25 کیلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت وزارت ماحولیاتی تبدیلی کی مختلف سکیموں کیلئے 12877 ملین روپے مختص کئے ہیں۔
بدھ کو جاری پی ایس ڈی پی کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی ڈویژن کی جاری چار سکیموں کیلئے 12775 ملین روپے مختص کئے ہیں، ان سکیموں میں کیپسٹی بلڈنگ آن واٹر کوالٹی مانیٹرنگ اینڈ ایس ڈی جی (6.1)، کلائمیٹ ریزیلئنٹ اربن ہیومن سٹیلٹمنٹس یونٹ اور گرین پاکستان پروگرام (نظرثانی شدہ) شامل ہیں جن کیلئے بالترتیب 30 ملین روپے، 25 ملین روپے اور 12620 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ پاکستان بائیو سیفٹی کلیئرنگ ہائوس فار جی ایم اوز ریگولیشن کے لئے 100ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔
مالی سال 2024-25 کیلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں کلائمیٹ چینج ڈویژن کی ایک نئی سکیم موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی کوآرڈینیشن کی تکنیکی صلاحیت مضبوط بنانے کے لئے شامل کی گئی ہے، اس سکیم کے لئے 101.960ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔